ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہوناورمیں ماہی گیروں کا غصہ ساتویں آسمان پر : تجارتی بندرگاہ کی تعمیر کی مخالفت میں نوجوانوں کی خود کشی کی کوشش

ہوناورمیں ماہی گیروں کا غصہ ساتویں آسمان پر : تجارتی بندرگاہ کی تعمیر کی مخالفت میں نوجوانوں کی خود کشی کی کوشش

Sat, 26 Jun 2021 17:55:54    S.O. News Service

ہوناور:26؍جون(ایس اؤ نیوز) ہوناور کے کاسرکوڈ دیہات کے بندرگاہ پر تجارتی بندرگاہ کا تعمیری کام دوبارہ شروع کئے جانے پر ماہی گیروں نے سخت اعتراض اور ناراضگی کا اظہار کرتےہوئے سخت  مخالفت کی ہے،  یہاں تک کہ  کئی نوجوانوں نے  سمندر میں کو دکر خود کشی کرنےکی بھی  کوشش  کی ہے، یہ واردات کاسرکوڈ کے ٹونکا بندر گاہ  پر سنیچر کو پیش آیا۔

سنیچر کی صبح زبردست پولس بندوبست کے ساتھ تجارتی بندرگاہ کا تعمیراتی کام شروع کرتےہوئے قریب میں واقع ماہی گیروں کے شیڈس اور درختوں کو نکالنے کی کاروائی شروع ہوئی ، جے سی بی مشینوں  کے ذریعے  گھروں  اور  درختوں کو اُکھاڑ پھینکا  گیا۔ 500سے زائد پولس فورس کے ساتھ بندرگاہ کے تعمیراتی کام کی شروعات ہوئی ۔

4ماہ پہلے جب تجارتی بندرگاہ کی تعمیر شروع ہوئی تو مقامی عوام اور ماہی گیروں نے بندرگاہ کی تعمیر کی سخت مخالفت کرتے ہوئے  دھرنا دیا تھا اوربندرگاہ کی تعمیر کی سخت مخالفت کی  تھی ۔اس سلسلےمیں مقامی لوگوں نے   عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے  اسٹے آرڈر لا کر تعمیراتی کام کو رکوادیا تھا۔ مگر آج  اچانک تعمیراتی کام شروع کئے جانے پر مقامی عوام اور ماہی گیروں نے  سخت  مخالفت شروع کردی۔

بندرگاہ کے تعمیراتی کام کی شروعات کو دیکھتے ہوئے  چند مقامی نوجوانوں نے سمندر میں کود کر خودکشی کرنےکی  کوشش کی۔ اس دوران کچھ نوجوانوں کی صحت بگڑگئی ۔ ماہی گیروں   نے   تجارتی بندرگاہ کے  تعمیری منصوبے  پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے اپنے گھروں کو اُجاڑنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

منکال وئیدیا کا انتباہ:  واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے  بھٹکل۔ہوناور کے سابق رکن اسمبلی منکال وئیڈیا نے    انتباہ دیا ہے کہ اگر بندرگاہ کا تعمیراتی کام نہیں روکا گیا تو  سخت جدوجہدشروع کی جائے  گی۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ قریب 600کروڑ روپیوں کی لاگت سے تجارتی بندرگاہ کی تعمیر ہورہی ہے، جس کےنتیجےمیں مقامی لوگوں کو اپنی بنیاد کھودینے کا خوف ستانے  لگاہے۔ پچھلے کئی مہینوں سے ہوناور پورٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی تجارتی بندرگاہ کی تعمیر کررہی ہے۔ کورونا کے دورمیں ماہی گیروں کی زندگی کو اجیرن کرتےہوئے انہیں سڑک پر لانے کی کوشش کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ منکال وئیدیا نے مقامی رکن اسمبلی پر الزام  لگایا کہ وہ  اپنے چہیتوں کو تعمیراتی کام کا ٹینڈر دے کر غریب شہریوں کی زندگی برباد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ منکال نے  ریاستی حکومت  پر زور دیا کہ   وہ مقامی لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں،  ورنہ اگلے دنوں میں سخت جدوجہد شروع  کی جائے گی۔

اس موقع پر  فشریس سیلس فیڈریشن کے ضلعی  صدر راجو تانڈیل نے کاروار سے ہوناور متعلقہ  جگہ پر  پہنچ کر ماہی گیروں کا ساتھ دیتے ہوئے بتایا کہ ماہی گیروں کے رہائشی علاقے میں کمپنی کی جانب سے سڑک  کی تعمیر کا کام شروع کیاگیا ہے، ہ اگر اسی طرح جاری رہا تو اس بات کا خدشہ ہے کہ   آئندہ دنوں میں ساحلی کناروں کے مکین اپنے گھروں اورمکانوں کو کھودیں گے،  انہوں نے مطالبہ کیا کہ  افسران ،مقامی عوام کے ساتھ میٹنگ کرتےہوئے مسئلہ کا حل نکالیں۔

اے سی کا بیان : بھٹکل سب ڈیویژن  اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے کام کرنا ممکن نہیں  تھا۔ اب کمپنی نے  تعمیراتی   شروع کرنے کا فیصلہ کیا تو انتظامیہ نے اپنی جانب سے اُنہیں  تعاون  فراہم کیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ  اب ایک کلو میٹر تک سڑک  کا تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔


Share: